بنگلورو،16 ؍دسمبر(ایس او نیوز) شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کم کرنے کے لئے ریاستی حکومت اگلے سال فروری سے لیس ٹریفک ڈے( سڑکوں پر گاڑیوں کی کم آمد ورفت) مہم شروع کررہی ہے، وزیر ٹرانسپورٹ ایچ ایم ریونا نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد لوگو ں میں نجی گاڑیوں کے استعمال کو کم کرنا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بڑھاوا دیناہے، تاکہ صفائی اور صوتی آلودگی کی سطح کم کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہفروری2018 سے مہینے کی دوسری اتوار سڑکوں پر گاڑیوں کی کم آمد ورفت والے دن(لیس ٹریفک ڈے) کے طور پر منایا جائے گا، ہر مہینے کے دوسرے اتوار کے دن لوگ اپنی نجی سواریوں کا استعمال نہ کریں، بلکہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ذریعہ سفر کریں، انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس سلسلے میں کوئی قانون نہیں بنارہے ہیں لیکن ہماری درخواست ہے کہ اس دن لوگ ناگزیر حالات کے علاوہ اپنی نجی گاڑیوں کا استعمال نہ کریں، انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں 72 لاکھ رجسٹرڈ سواریاں ہیں، ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ کم از کم مہینے میں ایک دن کے لئے وہ اپنی نجی گاڑیوں کا استعمال نہ کریں، آلودگی کی سطح میں کمی کے لئے اگر کوئی قدم نہ اٹھایا گیا تو بنگلور کو بھی دہلی جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ توقع ظاہر کی کہ اس دن65 لاکھ سواریاں سڑکوں پر نہیں دوڑیں گی۔اس سلسلے میں انہوں نے ٹرانسپورٹ، داخلہ، انسداد آلودگی بورڈ، میٹرو ریل کارپوریشن سمیت دیگر محکموں کے افسران کا ایک اجلاس طلب کیا اور کہا کہ اس مہم کو عوامی تحریک بنانے کے لئے ہم حتی الامکان کوشش کریں گے، اور مہینے کی ہر دوسری اتوار کو میٹرو ریل کی سرعت میں اضافہ اور بی ایم ٹی سی کے بسوں کی تعداد بڑھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بڑھاوا دینے کے لئے میٹرو ریل اور سرکاری بسوں کے کرایہ میں رعایت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔